سرینگر27فروری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) قومی جانچ ایجنسی (این آئی اے) نے دہشت گرد گروپوں اور علیحدگی پسندوں کو فنڈنگ اور 14 فروری کو سی آر پی ایف کے ایک قافلے پر دہشت گردانہ حملے سے جڑے معاملے کے سلسلے میں بدھ کو جنوبی کشمیر میں 11 ٹھکانوں پر چھاپہ ماری کی۔ایک سرکاری بیان میں یہ معلومات دی گئی۔این آئی اے نے بیان میں کہا کہ جیش محمد کے فعال دہشت گرد اور پلوامہ میں حالیہ دہشت گردانہ حملے کے اہم ملزم مدثراحمد خان اور سجاد بھٹ کے گھروں پر چھاپہ ماری کی گئی۔اس میں بتایا گیا ہے کہ جنوبی کشمیر کے ترال، اونتی پورا اور پلوامہ میں جیش محمد کے فعال کارکنوں کے گھروں پر بھی چھاپے ماری کی گئی۔این آئی اے نے بتایا کہ برآمد کئے گئے مواد میں کوڈ میں لکھے گئے مواد والی ڈائریاں شامل ہے۔جانچ ایجنسی نے دہشت گرد فنانسنگ کے سلسلے میں جنوبی کشمیر کے تین علیحدگی پسند رہنماؤں محمد شبان ڈار، شوکت مولوی اور یاسمین رضا کے گھروں کی بھی تلاشی لی۔اس میں کہا گیا ہے کہ دہشت گرد فنانسنگ سے متعلق دستاویزات، کوڈ والے پیغامات اور جہادی لیٹر برآمد کیا گیا۔اس میں بتایا گیا ہے کہ تفتیش کے دوران این آئی اے کی ٹیموں نے بھاری تعداد میں دستاویزات ضبط کئے جس میں جائیداد، مالی لین دین کے کاغذات، الیکٹرانک کا سامان، موبائل فون، سم کارڈ وغیرہ شامل ہیں۔